پھلوں کے خواص( سیب)

سیب پاکستان میں کثرت سے پیدا ہونے والا پھل ہے اور پاکستان میں اس کی اعلیٰ اقسام کی پیداوار ہوتی ہے مثلاً امری ، ملک شیرازی، گولڈن بہت مشہور ہیں۔ ہر قسم کا سیب لوگ شوق سے کھاتے ہیں۔ یورپ امریکہ اور بہت سے ممالک میں سیب کی کاشت ہوتی ہے۔

طب مشرق کے مطابق یہ پھل مفرح قلب ودماغ اور مقوی دل و جگر ہوتا ہے۔ یہ پھل جسم کے اندر کیمیائی تبدیلیوں کے عمل کو تقویت دے کر جسم کی نشو ونما اور کار کردگی میں بہتری پیدا کرتا ہے۔

غذائی صلاحیت اور وٹامنز کے سیب ایسا پھل ہے جس کی غذائی اہمیت بہت زیادہ ہے کیونکہ اس میں معدنی اور حیاتینی اجزاء وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ اس کی تمام تر غذائی اہمیت اس میں پائے جانے والے شکری اجزاء کی وجہ سے جو اس پھل میں 9 فیصد سے 51 فیصد تک موجود ہوتے ہیں۔ ان شکری اجزاء میں فروٹ شوگر 60 فیصد گلوکوز 25 فیصد اور کین شوگر 15 فیصد ہوتی ہے۔ سیب کے 100 گرام خوردنی حصہ میں رطوبت 84.6 فیصد، کاربوہائیڈریٹس 13.4 فیصد، پروٹین 0.2 فیصد، ریشہ 1.0 فیصد، معدنیات 0.3 فیصد اور چکنائی 0.5 فیصد ہوتی ہے۔ اسکے معدنی اور حیاتینی اجزاء 100 گرام خوردنی حصے میں یوں ہوتے ہیں۔ کیلشیم 10 ملی گرام، آئرن 1 ملی گرام ، فاسفورس 10 ملی گرام وٹامن اے 40انٹرنیشنل یونٹ کے علاوہ وٹامن ای، ای ایچ اور بی کمپلیکس کی بھی کچھ مقدار پائی جاتی ہے جبکہ 100 گرام سیب میں کیلوریز کی تعداد 59 ہوتی ہے۔ یہ بات قابل غور ہے کہ اس میں زیادہ تر غذائی اجزاء چھلکے کے بالکل نیچے ہوتے ہیں اس لئے سیب کو ہمیشہ چھلکے کے ساتھ کھانا زیادہ مناسب ہے۔

سیب کے صحت بخش فوائد

دل کے مریضوں کیلئے سیب قدرت کا انمول تحفہ ہے۔ یہ بھوک بڑھاتا اور خون کی کمی کو دور کرتا ہے۔ روزانہ صبح وشام کھانے سے عصابی کمزوری دور ہوتی ہے۔ جلد کی بیماریاں دور بھاگتی ہیں۔ معدہ جگر اور آنتیں اپنا کام درست طور پر انجام دیتے ہیں۔ سیب میں شامل اجزاء سے جسم میں صحت مند خون وافر مقدار میں پیدا ہوتا ہے۔ سیب دماغی غذا ہے۔ حکماء دماغی کام کرنے والوں کو سیب کا استعمال مفید بتاتے ہیں کیونکہ اس میں دوسرے پھلوں کی نسبت فاسفورس زیادہ ہے جو کہ دماغ کی غذا ہے اس کے متواتر استعمال سے جلد کی رنگت نکھر آتی ہے۔ حاملہ خواتین کو سیب بکثرت استعمال کرنا چاہئے ۔ اس طرح وہ خود بھی بیماریوں سے محفوظ رہیں گی اور بچہ بھی صحت مند پیدا ہوگا۔ کمزور بچوں کی مائیں بھی اگر اپنے بچوں کو سیب کا رس روز پلائیں تو ان کے بچے تندرست اور طاقتور رہیں گے۔ روزانہ پانچ سیب کھانے والا شخص کینسر سے محفوظ رہ سکتا ہے۔ جن افراد کے خاندان میں کینسر کے مریض زیادہ ہوں، ان کو اپنی خوراک میں سیب ضرور شامل رکھنا چاہئے۔

الیخولیا کا مریض ہر وقت اپنے خیالوں میں گم رہتا ہے اور پاگل پن کے قریب پہنچ جاتا ہے۔ اس مرض کو دور کرنے کیلئے خوب میٹھا اور پکا ہوا سیب صبح و شام کھلانا مفید ثابت ہوتا ہے۔ بلند فشار خون (ہائی بلڈ پریشر ) کے مریضوں کیلئے سیب انمول دوا ہے۔ سیب کے استعمال سے پیشاب کا اخراج زیادہ ہوتا ہے اور اس وجہ سے جہ سے خون کا پریشر خود بخود کم ہو جاتا ہے۔ سیب کے استعمال سے سوڈیم کلورائیڈ (نمک) کی سپلائی میں کمی آجاتی ہے، گردوں کو آسودگی ملتی ہے۔ خلیوں اور بافتوں میں بھی سوڈیم کلورائیڈ کی مقدار کم ہو جاتی ہے۔ اس کی وجہ سیب میں پائی جانے والی پوٹاشیم کی زیادتی ہے۔ سیب جسم میں جوڑوں کے درد سوجن اور گنٹھیا کی حالت میں یورک ایسڈ کا بہت عمدہ تریاق ہے۔ سیب ایسی بہترین خوراک ہے جو تمام اہم اعضاء کی خامیوں کو دور کرتی ہے۔ جسم کو مضبوط اور توانا بناتی ہے۔ جسم اور دماغ کو تقویت پہنچاتی ہے کیونکہ سیب میں دیگر پھلوں اور سبزیوں کی نسبت فاسفورس اور آئرن زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے اگر دودھ کے ساتھ سیب استعمال کیا جائے تو نہ صرف صحت اچھی رہتی ہے بلکہ جوانی کی آب و تاب میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ زیادہ وقت بیٹھ کر کام کرنے والوں کیلئے سیب انتہائی مفید ہے۔

سیب کھانے میں ایک احتیاط

سیب کے پیڑوں پر زہریلی دوائیں چھڑ کی جاتی ہیں۔ پھلوں کو محفوظ رکھنے کیلئے ان پر بھی یہ زہریلا اسپرے کیا جاتا ہے۔ اس لئے سیب کو استعمال کرنے سے پہلے خوب اچھی طرح دھو لینا چاہئے۔

Leave a Comment

You cannot copy content of this page