قدرتی شفا: پھل بطور دوا اور ان کے لاجواب فوائد کا تفصیلی جائزہ

پھلوں کا تیزاب اور الکلی کا توازن برقرار رکھنا

جسم انسانی میں تیزاب اور الکلی کا توازن برقرار رکھنے کے لئے پھل نہایت کارآمد ہیں۔ یہ نہ صرف جسم میں موجود زہریلے اور فاسد مادوں کو کم کرتے ہیں بلکہ غیر صحت مند مادوں کے اخراج کے نظام کو بھی تقویت بخشتے ہیں۔ پھلوں سے جسم کو فطری شکر، وٹامنز، اور معدنیات میسر آتی ہیں جو صحت کے لئے نہایت ضروری ہیں۔

ماہرین غذائیت کا نظریہ

دنیا کے معروف ماہر غذا ایڈولف جسٹ اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ صرف پھل ہی انسان کے لیے شفا بخش جواہر رکھتے ہیں۔ فطرت انہیں خود ہی تیار کرتی ہے، ان کا ذائقہ لذیذ ہوتا ہے اور یہ تمام انسانی بیماریوں اور تکالیف کا یقینی علاج ہیں۔ بیماریوں کے لیے فطرت کا سب سے قدیم علاج روزہ ہے، لیکن مذہبی نکتہ نظر سے قطع نظر، روزے کا بہترین اور محفوظ طریقہ جوس کا روزہ ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ کسی ایک پھل جیسے سنگترہ، انگور یا گریپ فروٹ کا جوس اتنی مقدار کے پانی میں ملا کر ایک دن میں ہر دو دو گھنٹے بعد پیا جائے۔ جوس پینا صبح آٹھ بجے شروع کیا جائے اور رات آٹھ بجے تک پیتے رہنا چاہیے۔ اس دوران اور کوئی چیز نہ کھائی جائے نہ ہی کوئی اور شربت یا پانی پیا جائے۔ اگر ایسا کیا گیا تو جوس کے روزے کی ساری افادیت ضائع ہو جائے گی۔ البتہ ڈبوں میں بند یا منجمد جوس استعمال کرنا درست نہیں، صرف تازہ جوس ہی یہ مقصد پورا کر سکتے ہیں۔ ایک دن میں کم از کم چھ یا آٹھ گلاس جوس ضرور پیا جائے۔

پھلوں میں موجود عناصر اور ان کی خوبیاں

تازہ پھلوں کے جوس میں موجود وٹامنز، معدنی اجزاء، اینزائم اور دیگر عناصر جسم انسانی کے تمام نظاموں کو معمول کے مطابق رکھتے ہیں۔ جوس جسم کو درکار تمام عناصر مہیا کرتے ہیں جن کی بدولت جسم بذات خود علاج کے عمل کو تیز تر کرتا ہے اور خلیوں کی تعمیر نو اور ٹوٹ پھوٹ کی اصلاح کے ذریعے صحت بحال کرتا ہے۔ جوس کے روزے کے دوران جسم کی صفائی کے خودکار عمل کے ذریعے زہریلے مادوں کے اخراج کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ ایسا کرنے کے لئے گرم پانی کا اینیما بھی لیا جا سکتا ہے۔ جوس کے روزے کے بعد کے دن صرف پھلوں پر مبنی غذا استعمال کی جائے کیونکہ یہ اخراج کا عمدہ ترین طریقہ ہے۔

بیماریوں سے چھٹکارا پانے کے لئے پھل کا جوس کیسے استعمال کیا جائے

بیماریوں پر غلبہ پانے کے لئے، خصوصاً پرانی بیماریوں کی صورت میں، خلیوں کی صفائی کے ذریعے غلبہ پانے کے لئے تازہ رس بھرے پھلوں کی قدر و قیمت بہت زیادہ ہے۔ صرف پھلوں پر مبنی غذا استعمال کی جائے جو بہت زیادہ مفید ہوتی ہے۔ خاص طور پر پرانی کھانسی، گنٹھیا، جوڑوں کے درد، پرانا نزلہ اور قبض ختم کرنے کے لئے لاجواب دوا ثابت ہوتی ہے کیونکہ پھلوں پر مبنی غذا سے جسم معدنی نمکیات سے بھر جاتا ہے۔ آل فروٹ ڈائٹ (پھلوں پر مبنی غذا) پر عمل کرنے کے دن تین بار یہ غذا لی جائے۔ ایک وقت کے کھانے میں تازہ پکے ہوئے رس بھرے پھل جیسے سیب، ناشپاتی، انگور، سنگترہ، انناس، گریپ فروٹ، مالٹا، آڑو، خربوزہ وغیرہ یا موسم کے دیگر پھل کھائے جائیں۔ البتہ کیلا یا دیگر غذائی چیزیں استعمال نہ کی جائیں۔ سادہ پانی یا چینی کے بغیر لیموں کا استعمال کیا جائے۔